لاہورنگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کے گھر کا دورہ کیاہے اور افسوسناک واقعہ پر معذرت کا اظہار کیا ۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق محسن نقوی نے پولیس چھاپے کے دوران زخمی ہونے والے سالک حسین کی خیریت دریافت کی ، جبکہ اس موقع پر چیف سیکریٹری ، آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور بھی موجود تھے ، نگران وزیراعلیٰ نے چوہدری سالک حسین سے واقعہ کی تفصیلات بھی حاصل کیں ،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ افسوسنا ک واقعہ پر معذرت خواہ ہوں ،عمرہ ادائیگی کیلئے گیا تھا، اطلاع ملتے ہی انکوائری کا حکم دیاہے ،ذمہ داروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی ، قانون سب کیلئے برابر ہے ،پرویز الٰہی کے کارکنوں نے پولیس پر پٹرول بم پھینکے اور پتھراﺅ کیا ، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ۔ چوہدری شجاعت نے رہائشگاہ آمد پر محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا ۔
